21 فروری 2012 - 20:30

اسلامی جمہوریۂ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان رامین مہمان پرست نے کہا ہے کہ مختلف ممالک کے ساتھ تجارتی تعاون جاری رہنے کے لئے یہ تعاون دو طرفہ اور پائیدار ہونا چاہئے۔

ابنا: رامین مہمان پرست نے پیر کے روز ایرانی ٹی وی کے چینل نمبر تین پر ایک پروگرام میں گزشتہ ہفتے بعض یورپی ممالک کے سفیروں کو وزارت خارجہ میں طلب کئے جانے کے بارے میں کہا کہ بعض یورپی ممالک نے ایک اقدام کے تحت ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام کے بہانے دباؤ ڈالنے کی کوشش کی اور تیل کے بائيکاٹ کا مسئلہ اٹھایا نیز اس کی تاریخ کا تعین بھی کیا گيا۔

انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران کی خارجہ پالیسی میں یورپی یونین کا اپنا مقام ہے کہا کہ وزارت خارجہ میں یورپی یونین کے چھ ممالک کے سفیروں کو طلب کئے جانے کی وجہ یہ تھی کہ ان کے کئے گئے فیصلے کے بارے میں تبادلۂ خیال کیا جائے اور ان کو یہ بتایا جائے کہ ان کے فیصلے سے خود ان کے ہی عوام متاثر ہوسکتے ہیں۔رامین مہامن پرست نے کہا کہ یورپی ممالک کے سفیروں کو بتادیا گيا کہ جو قدم انہوں نے اٹھایا ہے صحیح نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کے بہت سے ممالک کے ایران کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں اور وہ ان تعلقات کو جاری رکھنا چاہتے ہیں لیکن ان پر اپنے عوام کے خلاف موقف اختیار کرنے کے لئے سیاسی دباؤ ڈالا جاتا ہے۔
........ 
/169